16 دسمبر 2013 - 20:30
مشرقی لبنان میں کار بم دھماکہ

مشرقی لبنان کے صبوبا گاؤں میں ایک کار بم دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان کی اطلاعات ہیں۔

ابنا: لبنان کے ایک سکیورٹی اہلکار نے بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق یہ دھماکہ صبح چار بجے حزب اللہ کے ایک مرکز کے قریب ہوا، جس کے باعث نامعلوم تعداد میں لوگ جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔

سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ واقعہ کے بعد علاقے کو اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے ارکان اور سکیورٹی فورسز نے اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔

غور طلب ہے کہ حالیہ مہینوں میں لبنان کے دارالحکومت بیروت اور بعلبک علاقے میں حزب اللہ کے مراکز پر دہشت گردانہ حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

دسمبر کی چار تاریخ کو بیروت کے حدث علاقے میں حزب اللہ کے ایک سینئر کمانڈر حسن اللقیس کو شہید کر دیا گیا تھا۔ حزب اللہ نے اس واقعہ کے لیے صیہونی حکومت کو ذمہ دار ٹھرایا تھا۔

اگست میں جنوبی بیروت میں ایک کار بم دھماکے میں 21 لوگ جاں بحق اور 200 دیگر زخمی ہو گئے تھے۔

یاد رہے کہ شام میں القاعدہ سے منسلک تکفیری دہشت گرد گروہ مسلسل ناکامی اور پسپائی سے مشتعل ہو کر صیہونی حکومت کے اشاروں پر لبنان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے اس طرح کی کارروائیاں انجام دے رہے ہیں۔

.......

/169